Urdu Press Release & Photo Sets 27.10.2022

مؤرخہ 27 اکتوبر2022ء
فیصل آباد  (       )   خوراک اور امدادی سامان کی فراہمی کے بعد سیلاب متاثرین کی بحالی کا مرحلہ بہت جلد شروع کر دیا جائے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے امدادی کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 1000 رضائیاں اور 15ہزار مچھر دانیاں تیار ہیں۔ چار سو رضائیوں کا ایک ٹرک اپر دیر جبکہ 300رضائیاں مزدا ٹرکوں کے ذریعے بلوچستان کے سرد علاقوں کیلئے بھیجی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مچھر دانیوں کی زیادہ ضرورت سندھ کے علاقے دادو میں ہے، اس لئے ان کو گڈز کمپنی کے ذریعے بک کرادیا جائے گا جبکہ حاجی عابد اسی حساب سے اپنا پروگرام طے کریں گے کہ جب رضائیوں کے ٹرک وہاں پہنچیں تو اس سے پہلے مچھر دانیاں پہنچ چکی ہوں جن کو وہ تقسیم کرنے کے بعد رضائیاں لے کر بلوچستان روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اظہر چوہدری کی طرف سے گدوں اور جوتوں سمیت دیگر فالتو سامان جمع کرنے کا پروگرام جاری ہے جن کی Segregating کے بعدان کو بھی آرمی، نیوی یا دیگر فلاحی تنظیموں کے اشتراک سے متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کو جلد مکمل کر لیا جائے تاکہ بحالی کے اہم مرحلہ پر پوری توجہ سے کام کیا جاسکے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بزنس کیمونٹی اور تجارتی تنظیموں کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ باڑہ دکانوں کی تعمیرو مرمت کیلئے عطیات جمع کرنے کیلئے ازسرنو مربوط کوششیں کی جائیں گی تاکہ ان علاقوں میں معمول کی سرگرمیاں جلد از جلد بحال ہوسکیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے لوگوں کو تحریک دینے کیلئے سوشل میڈیا پر موثر تشہیری مہم شروع کرنے کا بھی عندیہ دیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ بزنس کیمونٹی اس مرحلہ میں بھی اپنا بھر پور حصہ ڈالے گی۔ اس موقع پرچیمبر کے نائب صدر اسلم بھلی، سابق صدر میاں جاوید اقبال، عارف احسان ملک اور عبداللہ قادری بھی موجود تھے۔

Leave a Reply