Urdu Press Release & Photo Set 19.10.2022

مؤرخہ 19 اکتوبر2022ء
فیصل آباد  (       )     فیصل آباد میں کیمیکلز اور ڈائزز کی مینو فیکچرنگ کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی ضرورت ہے جبکہ فیڈمک میں بانڈڈ وئیر ہاؤس کے قیام سے اس شعبہ میں کاروبار کے حجم کو دس گنا تک بڑھایا جا سکتاہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی میں ڈائز اینڈ کیمیکلز کی مینو فیکچرنگ ہو رہی ہے۔ جبکہ یہاں بھی مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے نئے یونٹ لگانے والوں کو فیڈمک کے زیر انتظام صنعتی علاقوں میں پلاٹ یا اُن کیلئے الگ زون بھی قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں مشترکہ منصوبے شروع کرنے سے ڈائز اینڈ کیمیکلز سے متعلقہ ذیلی صنعتوں کو بھی فروغ دیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنے مسائل سے آگاہ کریں تاکہ چیمبر کے پلیٹ فارم سے اُن کو حل کرانے کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے ڈائز اینڈ کیمیکلز کے ٹیرف کے مسئلہ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فیڈمک میں بانڈڈ وئیر ہاؤس بنایا جائے تاکہ ڈائز اینڈ کیمیکلز کے درآمد کنندگان کا ڈیوٹی فری مال وہاں پڑا ہو جسے ضرورت کے وقت ڈیوٹی کی ادائیگی کے بعد ملوں کو سپلائی کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ڈیوٹیوں کی شکل میں اُن کا کثیر سرمایہ بلاک نہیں ہوگا اور وہ اس سرمایہ کو اپنے کاروبار کو بڑھانے کیلئے استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ اس ماڈل پر فوری کام شروع کریں تاکہ اس تجویز کو عملی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماڈل کے تحت درآمد کنندگان کی سپلائی چین جبکہ صنعتوں کا کیش فلو بہتر ہوگا۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے معاملات میں گہری دلچسپی لینے پر اس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مسائل کے حل کیلئے مل کر بامعنی اور نتیجہ خیز جدوجہد کریں گے۔ اس سے قبل ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر جواد شفیق نے اپنی تنظیم کا تعارف کرایا اور بتایا کہ اس کے ممبروں کی تعداد 375ہے جس میں درآمد۔ تیار کنندگان اور ٹریڈرز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اپنی ایسوسی ایشن کو ٹیکسٹائل کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ اس وقت ٹیکسٹائل میں استعمال ہونے والی 70فیصد اشیاء درآمد کی جا تی ہیں جن کی مقامی طور پر تیاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کیلئے چیمبر سے مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر خرم کی خداداد صلاحیتوں کو سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ان کے دور میں فیصل آباد کی صنعتی، تجارتی اور کاروباری فضا میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ انہوں نے ڈاکٹر خرم طارق کو اپنی ایسوسی ایشن کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ اُن کے سپاہی کے طور پر کام کرنے کو تیار ہیں۔ تقریب سے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر محمد اسلم بھلی، سابق صدر عاطف منیر شیخ، شبیر حسین چاولہ اور ایوب صابر کے علاوہ دیگر ممبروں نے بھی خطاب کیا اور چیمبر سے بھر پور تعاون کا عندیہ دیا۔

Leave a Reply