Urdu Press Release 29.10.2022

مؤرخہ 29 اکتوبر2022ء
 فیصل آباد ( )    پولیس کی مؤثر سرویلنس اور پٹرولنگ کی وجہ سے گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں 62فیصد جبکہ ڈکیتی کی وارداتوں میں 30فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ بات ریجنل پولیس آفیسر معین مسعود نے فیصل آبا د چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق کی سربراہی میں ملنے والے وفد کو بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ریجن کے عادی جرائم پیشہ عناصر اور گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہے جس سے کرائم ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے تعاون سے جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے شہر میں سرویلنس اور پٹرولنگ کے مربوط نظام پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ خراب گاڑیوں کی اپنے وسائل سے مرمت کر کے انہیں استعمال کے قابل بنایا گیا ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر نے سرویلنس کیلئے کیمروں کے نظام کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ بزنس کمیونٹی کے تعاون سے شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کے علاوہ اہم چوکوں اور کاروباری مراکز میں کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے بتایا کہ سمارٹ سٹی کے تحت سرویلنس کیلئے پہلا جدید نظام ملت چوک سے ملت انڈسٹریل اسٹیٹ تک لگایا جا رہا ہے جس کے تمام اخراجات بزنس کمیونٹی برداشت کر ے گی۔ سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک نے اس سلسلہ میں مشترکہ کمیٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی جو الگ الگ علاقوں میں کیمروں کے ذریعے سرویلنس کا نظام قائم کرنے اور پھر ان کو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کرنے کیلئے اقدامات کی سفارش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملت چوک کا منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ ہو گا جسے بعد میں شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی شروع کیا جا سکے گا۔ وفد میں نائب صدرمحمد اسلم بھلی بھی شامل تھے

Leave a Reply